پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ کارساز کی چھٹی برسی کے موقع پر دھواں دار تقریر کی۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن)، ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرادری نے سانحہ کارساز کے شہداء کی یادگار پر حاضری دی۔ اس موقع پر کارکنان کا جوش و خروش عروج پر تھا۔ کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرادری کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں آصف علی زرداری جیالوں اور عوام کی کمان میں ہوں گے، وہ کمان کا تیر ہوں گے۔ اکھٹے ہو کر شیر کا شکار کریں گے جو غریبوں کے خون سے اپنا پیٹ بھرتا ہے۔ بلاول بھٹو زرادری کا کہنا تھا کہ کراچی کو لندن کی کالونی سے آزاد کرائیں گے اور اس شہر سے پتنگ کی ڈور کاٹ دیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردی ہو رہی ہے اور وہاں سونامی ڈوب رہا ہے لیکن پیپلز پارٹی اس صوبے کے عوام کو بھی بچائے گی کیونکہ بزدل خان جیسے لوگوں کی جماعت نہیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دہشت گرد بزدل ہیں اور بزدلانہ کارروائیاں کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی مذہبی ٹھیکیداروں کے خلاف جہاد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے کارکنوں کی جان بچانے کے لیے 100 سیٹوں کی قربانی دی۔ انہوں نے اپنا بچپن قربان کیا اور اس ملک اور جمہوریت کے لیے ان کی والدہ نے جام شہادت نوش کیا۔ بلاول کا کہنا تھا کہ 18 اکتوبر 2007 کو جاں نثار کارکنوں نے ڈرنے کے بجائے دہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بہادری سے مقابلہ کیا اور اس رو ز بی بی کی جان بچائی۔ پیپلز پارٹی بہادروں اور شہیدوں کی جماعت ہے۔ وہ وعدہ کرتے ہیں کہ وہ شہید کے بیٹے ہیں اور عوام کے حق کے لے لڑتے رہیں گے۔
No comments:
Post a Comment